بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے
بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اور ہر دلعزیز اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔
Tahir Shahzad
11/25/20251 min read


بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اور ہر دلعزیز اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق دھرمیندر کچھ عرصے سے علیل تھے اور عمر رسیدگی کے باعث لاحق بیماریوں کے بعد آج ممبئی میں ان کا انتقال ہوا۔ فلمی دنیا میں ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل تھی۔ انہیں اپنی سادگی، خوش اخلاقی اور بے ساختہ ادکاری کے باعث منفرد مقام حاصل تھا، اور وہ خود بھی ہمیشہ یہ کہتے تھے کہ وہ ایک سیدھے سادھے انسان ہیں جنہیں اپنے چاہنے والوں کا بے حد پیار ملتا ہے۔
دھرمیندر نے اپنے طویل کیریئر میں درجنوں بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا اور اپنے وقت کے بڑے سپر اسٹار کے طور پر شناخت قائم کی۔ شعلے، ستیہ پریم کیتا، یاڈوں کی بارات، سیلوٹ اور دیگر بے شمار فلموں میں ان کی اداکاری کو آج بھی کلاسک سمجھا جاتا ہے۔ فلمی دنیا کے بڑے نام اور نئی نسل کے فنکاروں نے ان کے انتقال پر گہرا دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دھرمیندر کی وفات بھارتی سینما کا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کے مداحوں اور فلمی برادری نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کی بھرمار کر دی ہے، جب کہ ممبئی میں ان کے گھر کے باہر سوگوار افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں بھی دھرمیندر کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جہاں ان کی فلمیں برسوں تک شوق سے دیکھی جاتی رہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ دھرمیندر صرف ایک اداکار نہیں تھے بلکہ وہ ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فن اور محبت کا رشتہ مضبوط کیا۔ ان کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ فلمی پردے پر ہمیشہ زندہ رہیں گے، کیونکہ ان کی اداکاری، ان کا انداز اور ان کی معصوم مسکراہٹ کبھی فراموش نہیں کی جا سکے
گی۔
