Mr. Tahir Shahzad as Haq Khabar owner & director

دبئی ایئر شو حادثہ: بھارتی تیجس طیارہ گرنے کے بعد آرمینیا نے 1.2 ارب ڈالر کی بڑی ڈیل معطل کر دی

دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی طیارے تیجس کے افسوسناک حادثے کے بعد آرمینیا نے بھارت کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر مالیت کی طیاروں کی خریداری کے مذاکرات فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔

11/26/20251 min read

دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی طیارے تیجس کے افسوسناک حادثے کے بعد آرمینیا نے بھارت کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر مالیت کی طیاروں کی خریداری کے مذاکرات فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ڈیل 12 تیجس لائٹ کومبیٹ ایئر کرافٹس کی خریداری سے متعلق تھی اور اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا تو یہ بھارت کی جانب سے تیجس طیارے کی پہلی بڑی بین الاقوامی برآمدی کامیابی شمار کی جاتی۔

اطلاعات کے مطابق آرمینیا کی جانب سے مذاکرات روکنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی وِنگ کمانڈر نمانش سیال کے زیرِ کنٹرول تیجس طیارہ دورانِ پرواز اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور گر کر تباہ ہوگیا، جبکہ حادثے کے نتیجے میں پائلٹ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے نے تیجس کی تکنیکی کارکردگی اور آپریشنل سٹیبلٹی کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثہ نہ صرف بھارت کے دفاعی برآمدات کے منصوبوں پر منفی اثر ڈالے گا بلکہ تیجس پروگرام کے بین الاقوامی امیج، اس کی تکنیکی ساکھ اور ممکنہ خریداروں کے اعتماد پر بھی براہِ راست ضرب لگائے گا۔ بھارت پہلے ہی عالمی مارکیٹ میں فرانس کے رافیل، جنوبی کوریا کے FA-50 اور پاک چین کے جدید JF-17 تھنڈر جیسے طیاروں کے سخت مقابلے میں ہے، اور اب اس حادثے نے اس کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

عالمی مبصرین کا خیال ہے کہ آرمینیا کی جانب سے مذاکرات روکنے کا فیصلہ مستقبل میں بھارت کی عسکری برآمدات کے لیے ایک چیلنج بن سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب بھارت دفاعی آلات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارت تیجس پروگرام کی تکنیکی خامیوں کو دور نہ کر سکا تو مستقبل میں دیگر ممکنہ خریدار بھی محتاط رویہ اختیار کر سکتے ہیں۔