پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام، تین اہلکار جاں بحق، تینوں دہشتگرد ہلاک
پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے مسلح حملے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے
11/25/20251 min read


پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے مسلح حملے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر کے حملہ ناکام بنا دیا۔ واقعہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب تین شدت پسند ہیڈکوارٹرز کے مرکزی گیٹ کے قریب پہنچے اور عمارت میں گھسنے کی کوشش کی۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق پہلے حملہ آور نے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکے۔ دھماکے کے چند لمحوں بعد دو دیگر حملہ آور اس افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوئے جہاں ان کا سیکیورٹی فورسز سے سامنا ہوا۔
ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق اندرونی حصے میں تقریباً 15 سے 20 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ حملے کے دوران تین اہلکاروں کی شہادت اور آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے اور ان کا ہدف عمارت کے اندرونی دفاتر تک پہنچنا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی فورسز بروقت کارروائی نہ کرتیں تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔ حملے کے بعد شہر میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ حساس تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے نیٹ ورک تک پہنچنے کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے اپنی جان پر کھیل کر ایک بڑے سانحے کو ٹال
دیا۔
